اپنے کاروبار کی آن لائن ایڈورٹائزنگ کیجئے

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: کاروبار


کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بدولت آن لائن ایڈورٹائزنگ کا رحجان روز بروز بڑھ رہا ہے۔ شہروں کے علاوہ اب قصبوں اور دیہاتوں میں بھی لوگ انٹرنیٹ سے منسلک ہو رہے ہیں۔ اور اب 3جی اور 4جی کی آمد کے بعد تو آن لائن لوگوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، اس لیے آپ اپنے کاروبار کی آن لائن تشہیر کی طرف بھی ضرور توجہ دیں۔

آن لائن ایڈورٹائزنگ ایک نہایت ہی کارآمد اور ٹارگٹڈ تشہیر کا ذریعہ ہے جس سے آپ اپنی مصنوعات اور سروسز میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو براہ راست اپنے کاروبار سے متعارف کروا سکتے ہیں۔

یہ ایک عام سی بات ہے کہ اگر آپ پرپراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ ہیں تو آپ چاہیں گے کہ آپکا پلاٹ یا مکان کا اشتہار صرف وہی لوگ دیکھیں جو واقعی اس کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ پراپرٹی کے اس ایس ایم ایس اشتہار کا کیا فائدہ جو ایک ریڑھی والے کو بھی جاتا ہے۔ صرف آن لائن ایڈورٹائزنگ سے ہی یہ ممکن ہے کہ آپکا اشتہار صرف اس کی خرید و فروخت میں دلچسپی رکھنے والے ہی دیکھیں گے۔

آن لائن ایڈورٹائزنگ دو قسم کی ہوتی ہے، فی کلک کے حساب سے یا فی امپریشن کے حساب سے۔ فی کلک جسے CPC Ads بھی کہا جاتا ہے کا طریقہ کار یہ ہے کہ آپ Google یا اس طرح کی دوسری ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو اپنا اشتہار دیتے ہیں اور ساتھ میں فی کلک کی قیمت بھی خود مقرر کرتے ہیں۔ یعنی کہ اگر ایک شخص آپکے اشتہار کو کلک کرے گا تو آپ اسکے 10 سینٹ یا 10 روپے ادا کریں گے۔ اس حساب سے آپ نے 3000 روپے اس اشتہاری کمپنی کو ادا کیے تو اتنے پیسوں میں 1000 لوگ آپ کے اشتہار کو کلک کر سکتے ہیں۔

اس میں سب سے اہم اور فائدہ مند بات یہ ہے کہ تقریباً تمام 1000 لوگ وہ ہوں گے جو واقعی آپکے اشتہار میں دی گئی سروسز یا پروڈکٹ میں دلچسپی رکھتے ہوں گے اور یہی لوگ آپکے متوقع گاہگ ہیں۔ اگر آپ انکو اپنی بات بہتر طریقے سے سمجھا سکے تو اپنی سیل کو بہت زیادہ بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی اپنی کمپنی ویب سائیٹ ہو تاکہ لوگ آپ کے اشتہار کو کلک کر کے معلومات حاصل کرنے اس پر آ ئیں جہاں سے آپ انہیں اپنا کلائینٹ بنا سکیں۔

آن لائن ایڈورٹائزنگ کا دوسرا طریقہ CPM یعنی کہ امپریشن کا ہے جس میں جتنی مرتبہ آپکے اشتہار والا پیج لوڈ ہو گا، اتنے پیسے آپکو دینے ہوں گے۔ اس کے مختلف ریٹس ہوتے ہیں اور یہ فی 1000 کے حساب سے دیا جاتا ہے۔ یعنی کہ 10،000 امپریشن کا مطلب ہے کہ آپ دس ہزار کو ایک ہزار پر تقسیم کریں تو 10 جواب آتا ہے۔ اگر ایک ہزار اپریشن کا ریٹ 50 روپے ہے تو پھر 50٭10 برابر ہے 500 روپے کے جو آپ کو ادا کرنے ہوں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپکا اشتہار 10،000 مرتبہ دیکھا گیا چاہے اس پر کوئی کلک کرے یا نہ کرے۔

اس طرح کی آن لائن ایڈورٹائزنگ اس کاروبار کے لیے موزوں ہوتی ہے جو کسی برانڈ کا نام مشہور کرنے کے لیے ہو۔یعنی کہ کسی پروڈکٹ، سروس یا کمپنی کی مشہوری کے لیے یہ طریقہ زیادہ کارآمد ہو سکتا ہے۔

آن لائن ایڈورٹائزنگ کے فوائد بے شمار ہیں اور اس کا رحجان اتنا بڑھ چکا ہے کہ (اور آنے والے وقتوں میں مزید بڑھنے کے قوی امکانات ہیں) کہ درست طریقے سے کی ہوئی آن لائن ایڈورٹائزنگ سے آپ انتہائی کم خرچے میں اپنی سیل کئی گنا بڑھا سکتے ہیں۔ یہ ٹارگٹڈ تشہیر کا بہترین ذریعہ ہے جس سے فائدہ اٹھانا ہر سمجھدار کاروباری فرد کے لیے نہایت ہی ضروری ہے۔


Share

Add Your Thoughts