بزنس کی اخبار میں تشہیر کرنا

مصنف: اعجاز عالم | موضوع: کاروبار


اخبار میں اپنے کاروبار، مصنوعات یا سروسز کے متعلق اشتہار دینا ایک مروجہ طریقہ ہے جو کہ ساری دنیا میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ کم خرچے میں زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچانے کا آسان طریقہ ہے۔ چونکہ لوگ روز مرہ کے حالات سے با خبر رہنے کے لیے اخبارات کا مطالعہ کرتے ہیں اس لیے اس میں اپنے کاروبار کا اشتہار مشہوری کے لیے دیا جا سکتا ہے۔

الیکٹرونک میڈیا اور انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافے سے چند سالوں سے اخبارات پڑھنے کا رحجان کم ہو رہا ہے۔ اس لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے آپ اپنے کاروبار کی آن لائن ایڈورٹائزنگ کی طرف زیادہ توجہ دیں۔

اخبار میں اشتہار دینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ چند اہم باتیں اپنے ذہن مین رکھیں تاکہ آپ اس سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ پہلے تو آپ نے یہ دیکھنا ہے کہ آپکا کاروبار مقامی نوعیت کا ہے یا اس سے پورے ملک کے لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

لوکل یا مقامی سطح کے کاروبار کے لیے آپ مقامی اخبار میں اشتہار دیں تو زیادہ فائدے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ کا فرنیچر بزنس کراچی میں ہے اور آپ اتوار کو کوئی رعایتی سیل آفر کرنا چاہتے ہیں تو پھر صرف ایسے اخبار میں اشتہار دیں جو کراچی میں زیادہ پڑھے جاتے ہوں۔ تمام بڑے بڑے اخبارات جیسے جنگ، ایکسپریس، خبریں وغیرہ بڑے شہروں سے اپنے الگ الگ ایڈیشن شائع کرتے ہیں۔ اس سے لوگوں کو یہ فائدہ ہوتا ہے کہ ان کو اپنے شہر کی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں اور کاروباری حضرات بھی مقامی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کی تشہیر کر سکتے ہیں۔ اس لیے سب سے پہلے آپ چند بڑے اخبارات میں سے اپنی ضرورت کے مطابق دو، تین اخباریں منتخب کر لیں۔

کلاسیفائیڈ سیکشن میں اشتہارات کم قیمت کے دیے جا سکتے ہیں۔ یہ سطروں کے حساب سے ہوتے ہیں جن میں کم از کم تین سطریں قابل قبول ہوتی ہیں۔ آپکو اس کے لیے اشتہار اس انداز میں لکھنا چاہیئے کہ کم سے کم الفاظ میں آپ اپنا مقصد بیان کر سکیں۔ اسکے ساتھ اپنا رابطہ نمبر، ویب سائیٹ کا پتہ اور دیگر روابط شامل کر سکتے ہیں۔

اگر آپکا بجٹ اجازت دے تو پھر بڑے سائز کے اشتہارات کلاسیفائیڈ اشتہاروں سے زیادہ بہتر ثابت ہوتے ہیں۔ یہ انسانی فطرت ہے کہ وہ بڑے لکھے ہوئے اور رنگین اشتہاروں کی طرف زیادہ راغب ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اشتہار پڑھنے والے لوگ یہ بھی محسوس کرتے ہیں کہ یہ کسی بڑی کمپنی کا اشتہار ہے اور اس پر زیادہ اعتماد کیا جا سکتا ہے۔

یہ کوئی ضروری نہیں کہ آپ اپنے کاروبار کی تشہیر شروع ہی سے بڑے سائز کے اشتہاروں سے کریں۔ اگر کاروبار نیا ہے تو چھوٹے اشتہارات دیجئے اور پھر ان کا رسپانس دیکھئے۔ اگر ان کی مدد سے سیل ہو جائے تو اس میں سے کچھ رقم بچا کر اسے بڑے اشتہاروں کے لیے مختص کر دیں۔ عام دنوں سے زیادہ اتوار اور دیگر تعطیلات کے دن اشتہاروں پر زیادہ اچھا رسپانس ملتا ہے۔

بڑی اور مشہور اخباروں کے علاوہ کچھ چھوٹی اور لوکل سطح والی اخبارات کو بھی ضرور آزمائیے۔ ان کے اشتہار کی قیمت انتہائی کم ہوتی ہے اور بعض اوقات انکا رسپانس بڑی اخبارات سے بھی بہتر ہوتا ہے۔لیکن یہ سب آپکی مصنوعات، سروسز اور اشتہار کے انداز پر منحصر ہوتا ہے۔

بہتر ہے کہ آپ کسی ایڈورٹائزنگ ایجنسی سے رابطہ کر لیں۔وہ آپ سے اشتہارات کے لیے اخبار کے ریٹ کے مطابق ہی پیسے چارج کریں گے اور بعض صورتوں میں آپ کو رعایت بھی دیں گے۔ اس طرح آپ اشتہار ڈیزائن کروانے کی زحمت سے بھی بچ جائیں گے اور آپکا وقت بھی ضائع نہیں ہو گا۔


Share

Add Your Thoughts